ایران نے آبنائے ہرمز سے تحویل میں لیے گئے اسرائیلی جہاز کی تصاویر جاری کردیں

آبنائے ہرمز سے تحویل میں لیے گئے اسرائیلی جہاز کی تصاویر جاری کردی گئیں۔
ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کی جانب سے آبنائے ہرمز میں کارروائی کی تصاویر ایرانی میڈیا نے جاری کی ہیں، جن میں اسرائیل سے منسلک شپنگ کمپنی کے جہاز کو تحویل میں لیے جانے مناظر شامل ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاسداران انقلاب نے گزشتہ دنوں آبنائے ہرمز میں دو جہازوں کو روکا اور قبضے میں لیا، جن میں ایم ایس سی فرانسیسکا اسرائیلی جہاز بھی شامل تھا، جو بغیر اجازت آبنائے ہرمز میں داخل ہوکر نیویگیشن سسٹمز میں چھیڑ چھاڑ اور خفیہ طور پر آبنائے سے نکلنے کی کوشش کر رہے تھے۔
خیال رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی نے آبنائے ہرمز کو ایک بار پھر عالمی توجہ کا مرکز بنا دیا ہے جہاں حالیہ دنوں میں جہازوں کی پکڑ دھکڑ اور حملوں نے صورتِ حال کو مزید سنگین کر دیا ہے۔
الجزیرہ کے مطابق ایران نے 22 اپریل کو 2 غیر ملکی کنٹینر جہازوں کو قبضے میں لے لیا تھا جبکہ ایک اور جہاز پر فائرنگ کی گئی تھی، اس سے قبل امریکا نے بھی ایک ایرانی جہاز کو روک کر قبضے میں لیا تھا جسے ایران نے ’سمندری قزاقی‘ قرار دیا تھا۔



